لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے گندم کی نئی ریلیز قیمت 3800 روپے فی من مقرر کر دی۔
فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب کو پاکستان ایگریکلچرل کموڈٹیز سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن سے فوری طور پر گندم خریدنے کی ہدایت کی ہے جب کہ صوبے کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ پہلے ہی 200,000 میٹرک ٹن گندم حاصل کر چکا ہے جبکہ پاکستان ایگریکلچرل کموڈٹیز سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن نے گندم کی قیمت 4,150 روپے فی من مقرر کی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ قدم صوبے میں گندم اور آٹے کی بلاتعطل فراہمی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ عوام کو 15 روپے میں فی روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت نے 800,000 میٹرک ٹن گندم کی درخواست کی تھی لیکن اس کے مقابلے میں 533,440 میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔
وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے پنجاب حکومت کو خریداری کا شیڈول اور پیشگی ادائیگی فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
مزید پڑھیں:عید میلاد النبیؐ کب ہوگی؟ بڑی خبر آگئی















