اہم خبریں

گندم ناپید، آٹا مزید مہنگا، عوام کی پہنچ سے دور

گندم ناپید، آٹا مزید مہنگا، عوام کی پہنچ سے دور

راولپنڈی (اے بی این نیوز) گندم کی شدید قلت کے باعث راولپنڈی سمیت ڈویژن بھر میں آٹے کا بحران پیدا ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور سرکاری آٹا بھی عام شہری کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرکاری آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 900 روپے سے بڑھ کر 1100 روپے، 20 کلو سرکاری آٹے کی قیمت 1800 روپے سے بڑھ کر 2200 روپے ہو گئی ہے، دیگر فلور ملوں سے 15 کلو آٹے کی قیمت 1800 روپے سے بڑھ کر 2380 روپے ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 کلو باریک آٹے کی بوری 10 ہزار 400 روپے سے بڑھ کر 13 ہزار 400 روپے تک پہنچ گئی ہے اور صرف گزشتہ 4 روز میں بوری کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سرخ آٹے کی 80 کلو کی بوری 9,000 روپے سے بڑھ کر 12,200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مارکیٹ میں گندم کی عدم دستیابی کے باعث دستیاب گندم بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے، جہاں 40 کلو گندم کی قیمت 5 ہزار 550 روپے سے بڑھ کر 6 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔

آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اچانک اضافے اور مہنگے داموں فروخت سے عام شہری بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر نان بائی ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر غور کے لیے ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:آج سونے کی تازہ ترین قیمتیں،خریداروں کے لیے بڑی خبر

متعلقہ خبریں