اہم خبریں

کراچی میں زلزلہ، مختلف علاقوں میں 2.9 شدت کے جھٹکے محسوس

کراچی: کراچی میں زلزلہ آنے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے جھٹکے شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، گڈاپ ٹاؤن اور لانڈھی کے اطراف محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ احتیاطاً گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 2.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز شہر کے مضافاتی علاقوں کے قریب تھا، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے، لیکن اچانک آنے والے زلزلے کے باعث شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔ کئی افراد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات کی جانب نکل آئے اور کچھ دیر تک گھروں میں واپس جانے سے گریز کرتے رہے۔

کراچی میں زلزلہ کے بعد ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے بھی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ کسی عمارت کو بھی نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق ہلکے درجے کے زلزلے کے بعد شہریوں کو غیر مصدقہ افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے صرف سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کرنا چاہیے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں