پالمیرا (اے بی این نیوز) شام میں دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ السخنا اور تاریخی شہر پالمیرا کے درمیان پیش آیا جہاں تیز رفتاری یا دیگر ممکنہ وجوہات کے باعث دونوں بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔
شام کی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بسوں میں سے ایک میں داخلی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار سوار تھے جب کہ دوسری بس میں عام شہری سوار تھے۔ تصادم کے بعد جائے وقوعہ پر شدید افراتفری مچ گئی اور متعدد افراد بسوں میں پھنس گئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر روانہ کردی گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر کئی فوجی ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ پر بھیجے گئے جن کے ذریعے شدید زخمیوں کو حمص کے ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا تاکہ انہیں فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق دیر الزور اور دمشق کو ملانے والی 400 کلومیٹر سے زائد طویل شاہراہ شام کی اہم ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے تاہم کئی سالوں سے جاری خانہ جنگی سے ملک کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے جس کے نتیجے میں سڑکوں کی حالت بھی ابتر ہو گئی ہے۔
شامی حکام اس سے قبل سڑکوں کی ابتر حالت اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کو جان لیوا حادثات کی بڑی وجہ قرار دے چکے ہیں۔
گزشتہ سال شام کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کے وزیر راید الصالح نے کہا تھا کہ ملک بھر میں صرف جنوری سے ستمبر کے آخر تک 2000 سے زیادہ ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں سڑک حادثات شام میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
تازہ ترین حادثے نے ایک بار پھر شام کی سڑکوں کی خراب حالت، ٹریفک کے ناقص نظام اور عوامی حفاظتی اقدامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں:ایرانی سپریم لیڈر سےمتعلق اہم خبر سامنے آگئی















