جارج ٹاؤن (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک گیانا کے ساحل پر خوفناک فیری حادثے میں 41 افراد ہلاک اور 61 لاپتہ ہیں۔
کئی روز گزرنے کے باوجود تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
مسافر فیری، ایم وی باریما، جو ہفتے کی رات دارالحکومت جارج ٹاؤن سے پورٹ کٹھو جا رہی تھی، ساحل سے تقریباً سات میل دور شمالی بحر اوقیانوس میں الٹ گئی۔ اب تک 77 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے جب کہ لاپتہ افراد کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔
وزیر تعمیرات جوان ایج ہل کے مطابق ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا کہ فیری میں 133 مسافر سوار تھے لیکن بعد میں بورڈنگ ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ کشتی میں کل 179 افراد سوار تھے۔ مسافروں کی اصل تعداد سامنے آنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا۔
حادثے سے قبل رات گیارہ بجے کے قریب فیری سے ہنگامی پیغام موصول ہوا جس کے بعد فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تاہم رات کی تاریکی، خراب موسم اور تلاش کے جدید آلات کی محدود دستیابی کے باعث ابتدائی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں آئل اینڈ گیس کمپنیوں نے ریسکیو آپریشن کے لیے جدید اسکینرز سے لیس جہاز فراہم کیے جب کہ غوطہ خوروں کی خصوصی ٹیمیں بھی فیری کے اندر پھنسے ممکنہ مسافروں اور لاشوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کا دائرہ کار 400 مربع کلومیٹر سے بڑھا کر 1040 مربع کلومیٹر کر دیا گیا ہے تاکہ لاپتہ افراد کو جلد سے جلد تلاش کیا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:ملازمین کے لیے اہم خبر،تنخواہوں پر نئے ٹیکس سلیبز متعارف















