اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک بھر میں موبائل صارفین کے لیے کال اور انٹرنیٹ پیکج مہنگے ہو گئے جب کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی تازہ ترین قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے، 15 روزہ پیکجز کی قیمتوں میں 300 روپے تک اور ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمتوں میں 130 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح تین روزہ پیکجز کی قیمت میں 21 روپے، دو روزہ پیکجز کی قیمت میں 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ اور صرف ڈیٹا پیکجز کے ٹیرف کی تازہ ترین تفصیلات ایجنسی کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں، جہاں صارفین آسانی سے ہر پیکج کی قیمت، مدت، سہولیات اور سہ ماہی ریٹس کا موازنہ کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام سیکٹر میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز کے بارے میں درست اور جامع معلومات فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:سونا مزید مہنگا، آج کے تازہ ترین نرخ سامنے آگئے















