اہم خبریں

فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل فاتح ٹیم کے بارے میں اہم پیشگوئی

فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل فاتح ٹیم کے بارے میں اہم پیشگوئی

نیویارک (اے بی این نیوز) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں آج ٹورنامنٹ کا فائنل اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا، جس پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔

ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ اسپین نے فرانس کو ہرا کر فیصلہ کن معرکے کے لیے کوالیفائی کیا۔ اسپین 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ اس کا دوسرا عالمی کپ فائنل ہے۔

دوسری جانب ارجنٹینا ساتویں مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے اور اس سے قبل 1978، 1986 اور 2022 میں عالمی چیمپئن بن چکا ہے۔ یہ میچ ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ فائنل بھی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

فائنل سے قبل اوپٹا سپر کمپیوٹر نے 25 ہزار ڈیجیٹل سیمولیشنز کی بنیاد پر پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق اسپین کے عالمی چیمپئن بننے کے امکانات 59.6 فیصد جبکہ ارجنٹینا کے امکانات40.4 فیصد ہیں۔

سپر کمپیوٹر کے مطابق اسپین کے مقررہ 90 منٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے امکانات 45 فیصد ہیں، جبکہ 29 فیصد امکان ہے کہ میچ اضافی وقت تک جائے گا۔ اسی طرح مقررہ وقت میں ارجنٹینا کی کامیابی کے امکانات 26 فیصد بتائے گئے ہیں۔

فٹبال کے شائقین اب بے صبری سے اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا اسپین دوسری مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرے گا یا لیونل میسی اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بنانے میں کامیاب ہوں گے۔
مزید پڑھیں‌:بڑی خبر، یوم الحاق پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپور کا اہم پیغام جاری

متعلقہ خبریں