کاہنہ(اے بی این نیوز)کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے واقعے میں زخمی ہونے والی ٹیوشن سنٹر کی مالکن اور خاتون ٹیچر انیلا لاہور جنرل اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مالی مشکلات کے باعث گزشتہ دو سال سے چھوٹے بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی ہیں۔
انیلا نے بتایا کہ ان کے شوہر منڈی کے قریب ریڑھی لگاتے ہیں، جبکہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ ٹیوشن سنٹر چلاتی ہیں۔ ان کے مطابق ٹیوشن سنٹر میں مجموعی طور پر 30 سے 35 بچے زیر تعلیم ہیں، جبکہ واقعے کے روز 20 سے 22 بچے کلاس میں موجود تھے۔
زخمی خاتون ٹیچر نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث چھت سے پانی ٹپکتا تھا، جس کی وجہ سے اس کی مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا، تاہم انہیں ہرگز اندازہ نہیں تھا کہ چھت اچانک گر جائے گی۔
انیلا کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ان کی بیٹی بھی زخمی ہوئی تھی، تاہم اس کی حالت بہتر ہونے پر اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود زیر علاج ہونے کے باعث ابھی تک اپنی بیٹی سے ملاقات نہیں کر سکیں۔
مزید پڑھیں: دریائے کنہار میں ٹک ٹاک بنانے کا شوق مہنگا پڑ گیا،گاڑی ڈوب گئی















