اہم خبریں

بجٹ کا انتظار ختم، بلوچستان حکومت نے تاریخ کا اعلان کردیا

بجٹ کا انتظار ختم، بلوچستان حکومت نے تاریخ کا اعلان کردیا

کوئٹہ (اے بی این نیوز) بلوچستان کا آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا۔

بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی آج سہ پہر بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔ بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 1100 ارب روپے سے زائد ہو گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے بلوچستان کی وفاقی محاصل سے آمدن کا تخمینہ 795.13 ارب روپے سے زائد ہے جب کہ وفاقی محاصل سے قابل تقسیم محاصل سے تخمینہ 771.39 ارب روپے ہے۔

اسی طرح مختلف ذرائع سے گیس کی براہ راست منتقلی سے 23.74 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے جبکہ صوبہ بلوچستان کے دائرہ اختیار میں آنے والے ٹیکسوں سے آمدن کا تخمینہ 150 ارب روپے سے زائد ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 700 ارب سے زائد اور ترقیاتی اخراجات کا حجم 250 سے 300 ارب رہنے کا امکان ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی سرپلس ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں تعلیم، صحت اور پانی کے شعبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، امن و امان اور ہائی وے کی تعمیر کے شعبوں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیم کے شعبے کے لیے 160 ارب روپے سے زائد مختص کیے جانے کا امکان ہے، صحت کے شعبے کے لیے 85 ارب روپے سے زائد کی رقم متوقع ہے۔

صوبائی بجٹ میں امن و امان کے شعبے کے لیے 100 ارب روپے سے زائد مختص کیے جانے کا امکان ہے، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے لیے 40 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔

حکومتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی کے شعبے کے لیے 17 ارب روپے سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے جب کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری، جانیے کن علاقوں کو خطرہ ہے؟

متعلقہ خبریں