اہم خبریں

پیٹرول کی قیمت میں کمی، حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 373 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے پہلے ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔

یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔ گزشتہ جائزے میں بھی پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں کمی سے ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے کیونکہ ملک میں مال برداری اور زرعی مشینری کا بڑا حصہ ڈیزل پر انحصار کرتا ہے۔ دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکل اور گاڑی استعمال کرنے والے شہریوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

ادھر آئل انڈسٹری سے وابستہ حلقوں نے ایرانی اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی آمد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی درآمدات مقامی ریفائنریوں اور تیل کی قانونی سپلائی چین کے لیے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں