اہم خبریں

جے یو آئی کے اہم رہنما لاپتہ، پارٹی کارکن پریشان

جے یو آئی کے اہم رہنما لاپتہ، پارٹی کارکن پریشان

کوئٹہ(‌اے بی این نیوز)جے یو آئی رہنما حافظ حمد اللہ( Hafiz Hamdullah )سے کئی گھنٹوں تک رابطہ نہ ہونے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد سیاسی حلقوں اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق حافظ حمد اللہ کے صاحبزادے حافظ خلیل نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد کا موبائل فون بند ہے جبکہ ان کے ساتھیوں سے بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ حمد اللہ بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں ایک پروگرام میں شرکت کے لیے گئے تھے، تاہم کئی گھنٹوں تک ان سے رابطہ نہ ہونے پر اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں میں تشویش پیدا ہوگئی۔

دوسری جانب مولانا عبدالغفور حیدری ( Maulana Abdul Ghafoor Haideri) نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زیارت سے رابطہ کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے انہیں آگاہ کیا کہ حافظ حمد اللہ محفوظ مقام پر موجود ہیں اور ان کی خیریت کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے۔

واقعے کی خبر پھیلنے کے بعد جے یو آئی کارکنوں اور رہنماؤں نے حافظ حمد اللہ سے جلد رابطہ بحال کرنے اور عوام کے سامنے آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پارٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ رابطہ منقطع ہونے کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی تھیں، تاہم انتظامیہ کی وضاحت کے بعد صورتحال کافی حد تک واضح ہو گئی ہے۔

حافظ حمد اللہ کے حوالے سے مزید تفصیلات اور سرکاری موقف کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:خام تیل مہنگا،قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

متعلقہ خبریں