گلگت (اے بی این نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم زور پکڑ گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے اسکردو پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ کل سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کل شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ ن بھی آج 3 مقامات پر عوامی اجتماعات کا انعقاد کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے انتخابی مہم کی ذمہ داری خواجہ سعد رفیق کو سونپ دی ہے۔
خواجہ سعد رفیق آج سکردو میں مسلم لیگ ن کے پہلے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔ خواجہ سعد رفیق گلگت، ہنزہ اور نگر سمیت دیگر علاقوں میں جلسوں سے بھی خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ ن انتخابی مہم میں مقامی مسائل اور ترقیاتی ایجنڈے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی بھی انتخابی جلسوں میں شرکت کا امکان ہے۔
انتخابی مہم 5 جون کی رات 12 بجے تک جاری رہے گی اور گلگت بلتستان میں انتخابات کے لیے پولنگ 7 جون کو ہوگی۔
مزید پڑھیں:انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن:خیبر ٹوبیکو کمپنی کی سگریٹ تشہیری قوانین کی کھلے عام خلاف ورزیاں















