اہم خبریں

سانحہ پشاور،8سال بیت گئے،لوگ آج بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنے پیاروں کی قربانی نہیں بھولے

پشاور(نیوز ڈیسک)سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورکو آٹھ برس بیت گئے، 8 سال قبل ظالم دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا، حملے میں 147 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے،معصوم طلبہ کی یاد آج بھی اُن کے پیاروں کے دلوں میں تازہ ہے،8سال گزر جانے کے بعدبھی سب پاکستانیوں کی آنکھیں اس واقعے پر نم ہو جاتی ہیں۔ ہر سال اس واقعے کی مناسبت سے خاص دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق16 دسمبر 2014 کو ملکی تاریخ کا المناک واقعہ رونما ہوا، ملک دشمن چھ دہشت گرد آرمی پبلک اسکول پہنچے اور دیوار پھلانگ کر اسکول میں داخل ہوئے۔ جدید اسلحہ سے لیس پیرا ملٹری فورسز کی وردیوں میں ملبوث دہشتگردوں نے معصوم طلباء پر اندھا دھند گولیوں کی بوچھاڑ کی، جس سے معصوم طالب علم اور بے گناہ اساتذہ خون میں لت پت ہو گئے،اسکول چند ہی لمحوں میں بارود کی بو سے آلودہ ہوگیا، حملے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز نے اسکول کا گھیراؤ کیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چھ خودکش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد مار ڈالا۔ دہشتگردوں کے حملے میں 122 معصوم طلباء سمیت 147 افراد شہید ہوئے، شہداء میں اسکول پرنسپل طاہرہ قاضی بھی شامل ہیں جنہوں نے حملے کے دوران بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی بچوں کو اسکول سے نکالا۔

متعلقہ خبریں