اسلام آباد(نیوزڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ و القادر ٹرسٹ جیل ٹرائل چیلنج کردیا۔ توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ نیب کیسز میں جیل ٹرائل کے دونوں نوٹی فکیشنز کیخلاف درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ۔دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں 14 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ توشہ خانہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن 28نومبر کو جاری ہوا۔ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی سیاسی طور پر بنائے گئے ہیں ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جیل ٹرائل کے نوٹی فکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے زیر التوا رہنے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر دونوں درخواستوں میں چیئرمین نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔















