افطار کی شان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گھر کے پکوان

وہ پکوان جورمضان المبارک میں افطار دسترخوان کی شان ہوتے ہیں۔ خواتین طرح طرح کے پکوان بناتی ہیں۔پرانے روایتی پکوانوں کو بھی نئے طریقوں سے بنایا جاتا ہے۔دہی بھلے،آلو چنے ،فروٹ چاٹ، پکوڑے، سموسے،کچوری اور مختلف جوسز اور شیکس خاص طور پر افطار کا ضروری حصہ شمار ہوتے ہیں۔ان کے ساتھ ساتھ اب بہت سے نئے نئے پکوان بھی دسترخوان پر سجنے لگے ہیں۔ ان میں سے چند پکوانوں کی ریسیپیز توجہ فرمائیں۔

میکرونی رول
اجزاء۔
میکرونی۔ ایک کپ
چیڈر چیز(کش کیا ہوا)۔1 کپ
پیاز(باریک کٹی ہوئی)۔ ایک عدد(درمیانہ)
ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)۔ 5-4عدد
گرم مصالحہ (پاؤڈر ) ۔1چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
ہرا دھنیا(باریک کٹا ہوا)۔ حسب ذائقہ
انڈے۔ دو عدد
بریڈ کرمز۔ حسب ضرورت
میدہ ۔حسب ضرورت
تیل۔ تلنےکیلئے
ترکیب۔ میکرونی کو فوڈ پرسیسر میں ڈال کر اچھی طرح گرائنڈ کر لیں۔ چیڈر چیز، ہری مرچ، پیاز، ہرا دھنیا کو بھی ساتھ ہی گرائنڈ کر لیں۔ ایک بول میں اس مرکب کو ڈالیں۔ اس میں نمک، کالی مرچ پاؤڈر گرم مصالحہ پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ ہتھیلی پر ہلکا سا تیل لگا کر ان کو رولز کی شکل دیں اور ریفریجریٹر میں 20-15منٹ کے لئے رکھ دیں۔ انڈے پھینٹ لیں ان کو پہلے میدے، پھر انڈے پھر بریڈ کرمز میں اچھی طرح رول کر لیں۔ تیل گرم کریں اور رولز کو تیل میں ڈیپ فرائی کر لیں۔ گولڈن ہونے پر نکا لیں۔ ٹماٹو کیچپ کے ساتھ سرو کر یں۔

ٹھنڈائی
اجزاء۔ تازہ دودھ۔ ایک لٹر
خربوزے کے چھلکے۔تین بڑے چمچ
بادام ۔ دو بڑے چمچ ( ابلتے پانی میں ایک منٹ ڈال کر نکال لیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈال کر چھلکا اتار لیں)۔۔۔ کاجو ۔ دو بڑے چمچ
خشخاش ۔ دو بڑے چمچ
کالی مرچ۔ آ دھا چائے کا چمچ
سونف۔ ایک چمچ۔۔۔ زعفران۔ایک چٹکی
سبز الائچی ۔ پانچ عدد
گلاب کا عرق۔پانچ چمچ
کیوڑہ ۔ چند قطرے۔۔۔ چینی ۔سات بڑے چمچ
ترکیب۔ ایک کپ دودھ لے کر اس میں یہ تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح سے بلینڈ کر لیں۔ پھر باریک کپڑے سے چھان لیں اور چھانے ہوئے دودھ میں باقی دودھ شامل کر دیں۔ اب تین سے چار گھنٹے فریج میں رکھنے کے بعد گلاس میں ڈال کر سرو کریں۔

دہی بڑے
اجزاء۔ بیسن ۔ ڈیڑھ کپ
کھانے کا سوڈا۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ۔ ۔ ۔ نمک۔ حسب ذائقہ
کٹی ہوئی لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ
تیل۔ فرائی۔۔ چینی ۔ دو کھانے کے چمچ
چاٹ مصالحہ۔ آدھا کھانے کا چمچ
دہی ۔ ایک پاؤ
ترکیب۔ ایک پیالے میں بیسن،کھانے کا سوڈا، نمک اور کٹی ہوئی لال مرچ ڈال کر مکس کر لیں اور پانی ڈال کر گاڑھا آمیزہ بنا لیں۔اب گرم تیل میں بڑے کی شکل میں ڈال کر فرائی کر لیں۔ سنہری ہوجانے پر کڑاہی سے نکال کر پانی میں ڈال دیں تاکہ تیل نکل جائے اور نرم ہوجائیں۔ دہی پھینٹ لیں۔ نمک، کٹی ہوئی لال مرچ،چاٹ مصالحہ اور چینی ڈال کر مکس کرلیں۔ ہلکے ہاتھ سے نچوڑ کر دہی میں ڈال دیں۔چاٹ اور کٹی ہوئی لال مرچ چھڑک کر پیش کریں۔