لاہور (نیوزڈیسک) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ لوٹنے والوں نے پختونخوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کر لئے۔دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے البتہ قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایا گیا، دس سال میں کے پی کے میں ایک ہسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی، گزشتہ دور حکومت میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا صوبے کے پاس تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ رہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز سے خیبرپختونخوا کے یوتھ کوآرڈینیٹرز نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، دس سال میں خیبرپختونخوا کو کنگال صوبہ بنا دیا گیا، دس سال میں بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر کے پی کے میں بدترین کرپشن اور لوٹ ماری جاری رہی۔ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کو صحت کارڈ نوازشریف نے دیا تھا، خیبرپختونخوا کے غیرت مند اور وفا شعار عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش کی گئی۔















