تل ابیب (نیوزڈیسک)اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار نے یرغمال بنائے گئے کئی اسرائیلی شہریوں سے ملاقاتیں کیں ان ملاقاتوں میں اسرائیلیوں شہریوں کی خیریت دریافت کی اور خوشگوار ماحول میں گپ شپ بھی کی ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے رہنما یحییٰ السنوار غزہ میں اسرائیل کو مطلوب افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ اسرائیلی فوجی ان کے خون کے پیاسے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یحییٰ السنوار نے غزہ کے محفوظ زیر زمین غار نما بنکروں میں اسرائیلی یرغمالیوں سے ملاقات کی اور ان سے عبرانی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے ان سے خیریت دریافت کی۔حال ہی میں رہائی پانے والی ایک یرغمالی خاتون کے حوالے سے بتایا کہ اسیری کے ابتدائی دنوں میں وہ دوسرے چند اسرائیلی قیدیوں کے ہمراہ ایک غار میں تھی کہ جب یحییٰ السنوار ان لوگوں سے ملاقات کرنے آئے۔حماس کے رہنما نے اسرائیلی یرغمالیوں کو بتایا کہ ’’آپ لوگ یہاں انتہائی محفوظ ہیں، یہاں آپ کا بال بھی بیکا نہیں ہو گا۔‘‘اسرائیل کے عبرانی میں نشریات پیش کرنے والے چینل 13 کے مطابق سکیورٹی سے متعلق خفیہ رپورٹس میں اس امر کے واضح اشارے موجود ہیں کہ یحییٰ السنوار یرغمالیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر خود کو ان کے قریب رکھتے تھے۔















