اہم خبریں

چوہدری سرورکی نوازشریف سے رابطے کی کوشش ناکام، پی ٹی آئی میں شمولیت کا عندیہ

لاہور(نیوزڈیسک) مرکزی رہنما مسلم لیگ قائداعظم وسابق رہنما پی ٹی آئی چوہدری محمد سرور کا نوازشریف سے رابطے کی کوشش ناکام، ذرائع کے مطابق چوہدری سرور نے واپس مسلم لیگ ن میں جانے کیلئے قیادت سے رابطہ کیا تاہم نوازشریف نے ملنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے دور رہنے کا مشورہ دیا ۔ یاد رہے کہ 2014 میں چوہدری سرور نے نوازشریف کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی تاہم کچھ عرصے کے بعد پی ٹی آئی کو بھی خیرآباد کہہ کر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت کے ہاتھ پر بیت کرلی تھی تاہم چوہدری سرور وہاں بھی کچھ بہتر پوزیشن نہ بنا سکے تو دوبارہ تحریک انصاف میں شمولیت کے خواہشمند ی کا اظہار کرتے دکھائی دیئے ۔چوہدری محمد سرور نے رواں سال مارچ میں ق لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر بنایا گیا تھا لیکن وہ گزشتہ کئی ماہ سے اسکاٹ لینڈ میں مقیم ہیں، انہوں نے مسلم لیگ ق کے معاملات میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے چوہدری سرور اسکاٹ لینڈ سے براہ راست اور بالواسطہ طور پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی میں واپسی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ چوہدری سرور نے پارٹی رہنماؤں سے رابطہ کرکے دوبارہ شمولیت کی پیشکش کی تھی لیکن پارٹی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔چوہدری سرور کو دوبارہ شمولیت کی اجازت دینے والا واحد شخص عمران خان ہے لیکن انہوں نے واضح کر دیا کہ وہ ان درجنوں رہنماؤں کو معاف نہیں کریں گے اور نہیں بھولیں گے جنہوں نے مشکل وقت میں انہیں مایوس کیا، عمران خان اور پی ٹی آئی کیخلاف لابنگ کرنے والے قابل قبول نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے خاندان کے افراد فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کھڑے ہونا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن کی صفوں میں کوئی سیٹ خالی نہیں اور کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسکاٹش لیبر لیڈر، سرور کے بیٹے، انس کا بھی گلاسگو میں الیکشن ہونے والا ہے اور مقامی حلقے میں پاکستانی ووٹوں کی کافی تعداد ہے تاہم جب چوہدری سرور سے پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کی کوششوں کے بارے میں پوچھا گیا تو سرور نے ترید نہیں کی۔چوہدری سرور نے کہا کہ تمام آپشنز دستیاب ہیں، مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے، ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جلد ہی حتمی فیصلہ کروں گا۔

متعلقہ خبریں