اہم خبریں

ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی لہر، شدید دھند، حد نگاہ متاثر، موٹرویز بھی بند

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان بھرمیں سردی کی شدید لہر ، کئی علاقوں میںکہر ، دھند ، پنجاب اور سندھ زیادہ متاثر، اسلام آباد میں بھی راتیں شدید سرد، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج جاری ہے، حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث انتظامیہ نے کئی مقامات سے موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردیں۔

فیصل آباد، ملتان موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک، سکھر، ملتان موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر اور ایم 11 سیالکوٹ موٹروے لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔

موٹرویز پولیس کے مطابق لاہور، اسلام آباد موٹروے ایم 2 کو لاہور سے سیال موڑ تک اور کلرکہار سے بھیرا تک، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3 درکھانہ سے فیض پور اور فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر صورتحال میں سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔

متعلقہ خبریں