گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت توانائی منصوبوں کی تکمیل اور ملکی تعمیروترقی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا ہے، عوام دشمن جماعت کی چار سالہ مجرمانہ غفلت کی وجہ سے توانائی اور ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر کیمپ آفس میں آنیوالے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انجینئر خرم دستگیر خان نے کہاکہ حکمران اتحاد پاکستان کی معیشت، خارجہ پالیسی اور سیلاب متاثرین کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔عمرانی ٹولہ کے چار سالہ دور میں گندم اور چینی کی پیداوار میں کمی ہوئی جسکی وجہ سے درآمد کرنا پڑتی ہے۔قائد عوام میاں نوازشریف اور وزیرا عظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے۔تحریک انصاف نے اپنے اقتدار کا سارا وقت سیاسی مخالفین کیخلاف انتقام میں گزارا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ صنعتکاروں اور تاجروں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔تحریک انصاف کی نالائقی کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے کیمپ آفس میں آنیوالے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات بھی جاری کئے۔















