اسلام آباد(نیوزڈیسک)تقسیم کار الیکٹرک کمپنیز کے افسران کو بجلی مفت فراہمی بند کرنے کی سفارش کردی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی توانائی کی جانب سے پاور ڈویژن کی سمری پر آئندہ اجلاس میں منظوری دی جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران کو مفت یونٹس کی سہولیات خاتمے سے سالانہ 6 ارب روپے سے زائد کی بچت ممکن ہوسکے گی ۔ افسران کو فری یونٹس کی جگہ مالی سہولت دینے کی تیاری کرلی ۔ذرائع کے مطابق گریڈ 17سے گریڈ 21 کے افسران کو مفت یونٹس کی فراہمی بند کرنے کی سمری تیار کرلی جبکہ گریڈ 17کے افسر کوماہانہ 450مفت یونٹس کے بجائے 15ہزار 858روپے، گریڈ18 کے افسر کو 600 مفت یونٹس کی جگہ 21ہزار996 روپے اور گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کے بجائے37ہزار594 روپے دینے کی سمری تیار کی گئی ہے ۔رائع کے مطابق گریڈ 20 کے افسر کوماہانہ 1100 مفت یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 روپے اور گریڈ 21 کے افسر کوماہانہ 1300 مفت یونٹس کی جگہ 55ہزار536 روپے دینے کی سفارش کردی گئی ہے۔ جنریشن کمپنی کے گریڈ 20کے افسر کو مفت یونٹس کے بجائے 46ہزار 992 روپے اور گریڈ 21کے افسر کو 55 ہزار 536 روپے دینے کی سفارش کی گئی۔جبکہ گریڈ 16تک کے ملازمین کومفت بجلی کی سہولت جاری رہے گی۔















