اہم خبریں

فواد چوہدری کیخلاف اداروں کو اکسانے کا مقد مہ،آئندہ سماعت پر تمام دستاویزات اور شہادتیں فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد( اے بی این نیوز   ) مقامی عدالت نے فواد چوہدری کیخلاف اداروں کو اکسانے کے مقدمے میں استغاثہ کو آئندہ سماعت پر تمام دستاویزات اور شہادتیں عدالت اور ملزم کے وکلاء کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ایڈیشنل سیشنز جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کیخلاف سرکاری ملازمین کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔ فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ استغاثہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ملزم کے فون کو فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھیجا گیا۔ ایف آئی اے سے ملزم کی وائس میچنگ کراوئی گئی۔ موبائل کوڈ نہ ہونے کی وجہ سے موبائل فرانزک نہیں کرویا جاسکا۔ ملزم کا دوران گرفتاری پیمز ہسپتال سے میڈیکل بھی کروایا گیا۔ فیصل چوہدری کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ استغاثہ کی جانب سے ابھی تک کیس کی دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔ عدالت نے استغاثہ سے مخاطب ہوکر کہا جب آپ ملزمان کے وکلاء کو کچھ دیں گے ہی نہیں تو کیس آگے کیسے چلے گا؟ آپ کو مہلت دے رہا ہوں ضروری دستاویزات دیں اور شہادتیں سامنے رکھیں۔ اس کے بعد ہی کیس آگے چلے گا اور فرد جرم لگے گی۔ اگلی سماعت تک تمام چیزیں پوری کریں اور ملزم کے وکلاء کو بھی فراہم کریں۔ دوران سماعت عدالت نے فواد چوہدری سے استفسار کیا کہ کہیں آپ نے بیرون ملک تو نہیں جانا؟ شہباز گل بھی باہر ہیں۔ فواد چوہدری نے جواب دیا گل صاحب جہاں سے آئے تھے وہیں واپس چلے گئے، ہم یہی ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں