اہم خبریں

وزیراعظم اور آرمی چیف نے عید کا دن فوج کے جوانوں کیساتھ پاک افغان سرحد پر گزارا

اسلام آباد (  اے بی این نیوز  )وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عید کا دن فوج کے جوانوں اور افسران کیساتھ پاک افغان سرحد پر گزار اور عید کی نماز جوانوں اور افسران کے ساتھ پاڑہ چنار میں ادا کی انہیں عید کی مبارک پیش کی۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم نے فوج کے اعلی جذبے، عسکری تیاری اور پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔جواںوں کے ساتھ گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مادروطن کی سرحدوں کی جرات وبہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں۔ کہا پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان اپنے ذاتی آرام اور سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے تحفظ، دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔ موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں کا پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو، افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طورپر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پوری قوم خاص طورپر افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارک پیش کی۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا۔ اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کے لئے قوم میں تقسیم اور دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔

متعلقہ خبریں