اہم خبریں

ایل پی جی کی قیمت قیمت 400 سے 425 کے درمیان ہونی چاہئے،علی پرویز ملک

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ایل پی جی کی قیمتوں میں شفافیت لانے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت 400 سے 425 روپے فی کلو کے درمیان ہونی چاہیے، جبکہ آئندہ 2 سے 3 روز میں بہتری آنا شروع ہو سکتی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایل پی جی کی درآمد کرکے مارکیٹ میں فراہمی بہتر بنائی جائے گی۔

علی پرویز ملک کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی کی یومیہ کھپت ساڑھے 6 ہزار سے 7 ہزار ٹن ہے، جس میں سے تقریباً ڈھائی ہزار ٹن مقامی طور پر پیدا ہوتی ہے، جبکہ باقی ضرورت درآمدات سے پوری کی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت ایل پی جی کی قیمتوں کو منظم کرنے اور ناجائز منافع خوری روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی تیاری مکمل ہے، جبکہ اٹارنی جنرل کو زیر التوا مقدمات میں عدالتی حکم امتناع ختم کرانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل پی جی کی مارکیٹ اور مقامی قیمت کے درمیان تقریباً 30 ارب روپے کا فرق ہے، جبکہ بعض افراد کی جانب سے حاصل کیے گئے عدالتی حکم امتناع کے باعث حکومتی کارروائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے نومبر سے فروری تک سردیوں کے موسم میں عوام کو گیس فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ شہریوں کو کھانا پکانے کے لیے دن کے تینوں اوقات میں گیس دستیاب ہو۔

اہم وضاحت: وزیر کے بیان کے مطابق 400 سے 425 روپے فی کلو ایل پی جی کی مناسب قیمت ہونی چاہیے؛ اسے حتمی طور پر نافذ کردہ سرکاری نرخ نہ سمجھا جائے۔
مزیدپڑھیں: دریائے نیلم میں گاڑی گرنے سے اسکول جانیوالے 4 بچے جاں بحق ہوگئے

متعلقہ خبریں