اہم خبریں

نو مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ، پلانراور اس کا موجد صرف چیئرمین پی ٹی آئی ہے،خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ(اے بی این نیوز    )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ، پلانراور اس کا موجد صرف پی ٹی آئی کا چیئرمین ہے، اس شخص کے پاگل پن اور فرسٹریشن کی انتہا نو مئی کی ہوئی جب اس نے ریاست اور ریاستی اداروں کو چیلنج کیا، یہ ایک شخص اقتدار چھن جانے سے اتنا بے قابو ہو گیا ہے کہ چار سالہ اقتدار کا نشہ ہی نہیں اتر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کینٹ بورڈ سیالکوٹ کے ممبران کی طرف سے دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے شہریوں کے لیے ماں کی طرح ہوتی ہے اس شخص نے یہ رشتہ اس کرسی اور اقتدار کے نشہ میں ختم کر دیا، جو سبق اس نے پڑھایا، جو پلاننگ کی ا س کے نتیجے میں افواج پاکستان، افواج پاکستان کی تنصیبات، پاک فوج کے عظیم شہدااور ہمارے دفاعی اثاثوں پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کو جو کچھ ہوا اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ اس کا ماسٹر مائنڈ، پلانراور اس کا موجد صرف اور صرف پی ٹی آئی کا چیئرمین ہے اور اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ اس شخص سے اقتدار کیوں چھینا گیا۔ اس شخص نے چودہ مہینوں میں ایک دفعہ بھی نہیں کہا کہ سیاستدانوں سے مل کر یا بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جائےاس نے جب آواز دی یا خواہش کا اظہار کیا تو فوج کی قیادت کو آواز دی۔پاک فوج ہمارے دفاع اور ہماری سا لمیت کی ضامن ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی بار سیاستدانوں سے اقتدار چھینا گیا جس میں نواز شریف سے تین دفعہ جبکہ ذوالفقار علی بھٹو سے اقتدار بھی چھینا گیا اور پھانسی پر بھی چڑھایاگیا اسی طرح بے نظیر بھٹو کو سازش کے تحت شہید کیا گیا لیکن کسی نے بھی ریاست کو چیلنج نہیں کیا ،بلکہ سالہا سال انتحابات کا انتظار کیا اور عوام سے اپیل کی اور ووٹ کی طاقت سےدوبارہ اقتدار میں آئے ۔

متعلقہ خبریں