اسلام آباد( اے بی این نیوز )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ کروانے پر سخت تشویش کا اظہار ،،حکومت نے نارملائزیشن کمیٹی سے متعلق تمام حقائق سے فیفا کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا کہنا ہے کہ ہارون ملک نے پاکستان کی فٹبال کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا وہ پاکستان کی فٹبال کیلئے سنجیدہ ہوتے تو فورا الیکشن کروا دیتے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نواب شیر وسیر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ احمد حنیف اورکزئی نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے فٹبال نارملائزیشن کمیٹی سے متعلق تمام حقائق سے فیفا کو آگاہ کردیا ،فٹبال کی عالمی باڈی کو 19جون کو خط لکھا گیا، نارملائزیشن کمیٹی یقین دھانی کروانے کے باوجود پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ کرواسکی، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہاگر فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہیں ہونگے تو فیفا گرانٹ کیسے دے گی، ہم فٹبال نارملائزیشن کمیٹی پر کوئی پابندی نہیں لگا رہے لیکن فیفا کے سامنے تمام حقائق لانے کا حکومت کو حق حاصل ہے، ہمیں فٹبال کو اس دلدل سے نکالنا ہوگا۔نارملائزیشن کمیٹی کو بلاتاخیر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کروانے چاہیں۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری نے کہا ہے کہ ہارون ملک نے پاکستان کی فٹبال کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ، کینیڈین نیشنل کا پاکستان کی فٹبال سے کیا لینا دینا، چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی پاکستان کی فٹبال کیلئے سنجیدہ ہوتے تو فورا الیکشن کروا دیتے۔نارملائزیشن کمیٹی ماہانہ ہزاروں ڈالرز صرف تنخواہوں کی مد میں اڑا رہے ہیں، حیرانگی ہے کہ فیفا فنڈنگ کررہی ہے لیکن نارملائزیشن کمیٹی کا کوئی بینک اکاونٹ نہیں ۔ انہوں نے کہ فٹبال ٹیم کی سلیکشن میں بھی بہت سی شکایات ملی ہے، حکومت فٹبال ٹیم کی سلیکشن کے معاملات کا بھی جائزہ لے گی، انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں قومی فٹبال ٹیم سارے میچ ہار گئے ، قومی فٹبال ٹیم میں نو غیر ملکی پلیئرز شامل ہیں جن کی وجہ سے این او سی لینے میں وقت لگتا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت ان سے کچھ پوچھے تو کوئی جواب نہیں دیاجاتا۔فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے اعتراف کیا کہ فیفا نے پاکستان میں الیکشن کروانے کیلئے چھ ماہ کا ٹاسک دیا تھا لیکن حالات ٹھیک نہ ہونے کے باعث فٹبال فیڈریشن کے الیکشن مقررہ وقت پر نہ ہو سکے۔ کمیٹی رکن سمیع گیلانی نے کہا کہ فٹبال ہاوس پر حملہ پرانی باتیں ہے،آخر نارملائزیشن کمیٹی فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کیوں نہیں کرواتی؟












