اہم خبریں

پوری قوم شرپسند عناصر کی مذموم سازش کو بے نقاب کرنے اور دہشت گردی کے واقعات کے خلاف متحد ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات مینگورہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل اشرف علی ، کانسٹیبل عمرا خان اور سکیورٹی گارڈ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔جمعرات کو اپنے الگ الگ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے ہمارا فخر ہیں ایسے واقعات سکیورٹی فورسز کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل جذبے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نےمزید کہا کہ پوری قوم شرپسند عناصر کی مذموم سازش کو بے نقاب کرنے اور دہشت گردی کے واقعات کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہاں پر دہشت گرد عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔

متعلقہ خبریں