کراچی ( اے بی این نیوز )کریڈٹ کارڈز سے ادائیگی: اب ہر ڈالر پر پاکستانی صارفین کے 30 روپے بچیں گے،اس اقدام کے بعد پاکستانی صارفین کو کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر اوپن مارکیٹ پریمیئم ادا نہیں کرنا پڑے گاپاکستان کے مرکزی بینک نے کریڈٹ کارڈز کی ادائیگی کی ایڈجسٹمنٹ اوپن مارکیٹ کے بجائے انٹر بینک ریٹس میں کرنے کی اجازت دے دی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیوں کی ایڈجسٹمنٹ اب انٹربینک ریٹس کے مطابق کی جائے گی۔اسٹیٹ بینک کے شعبہ ایکسچینج پالیسی کے مراسلے میں فارن ایکسچینج کے اداروں کو مخاطب کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس کا اطلاق 31 جولائی 2023 تک رہے گا۔مرکزی بینک کے مطابق نیا فیصلہ مختلف حلقوں کی جانب سے موصول ہونے والے ردِعمل کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اس اعلان کے بعد پاکستانی صارفین کو کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر اوپن مارکیٹ پریمیئم ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ حالیہ فیصلے سے قبل پاکستانی صارفین کریڈٹ کارڈز کے ذریعے جو انٹرنیشنل ادائیگیاں کر رہے تھے ان کے بدلے میں ان سے ڈالر کی وہ قیمت وصول کی جا رہی تھی جو اس دن اوپن مارکیٹ میں رائج ہوتی ہے۔31 مئی سے ایک روز قبل کریڈٹ کارڈز کے ذریعے بیرون ملک ادائیگی کرنے والے صارفین کو ہر ڈالر کے بدلے اوپن مارکیٹ کی شرح کے مطابق 312 روپے ادا کرنا پڑ رہے تھے جب کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر285.35 روپے تھی۔















