اہم خبریں

وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی قیادت میں بدھا کے ہزاروں سال قدیم غاروں کا دورہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )وزیراعظم کی تشکیل کردہ ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کے چیئرمین / وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت کے قصبے شاہ اللہ دتہ میں واقع بدھا کے ہزاروں سال قدیم غاروں کا دورہ کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا علاقہ تاریخی اعتبار سے اتنا ہی قدیم ہے جتنی انسانی تاریخ،آج بھی یہاں دنیا کے قدیم ترین مذاہب ہندو دھرم اور بدھ مت کی موجودگی کے شواہد پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سیکٹر ڈی 12کے نزد یک شاہ اللہ دِتہ کے قدیمی قصبے میں تقسیم ِبرصغیر سے قبل ایک ہندو سادھو کا بسایا ہرا بھرا باغ ایسا اجڑا ہے کہ اب اسکے آثار بھی نظر نہیں آرہے، ہزاروں سال قدیم گھنے درٖختوں میں گھِرے بُدھا کے غاروں کے دوسری پار ٹیکسلا کا تاریخی قدیمی علاقہ ہے جو ایک زمانے میں گندھارا تہذیب کا مرکز ہوا کرتا تھا۔سوشل میڈیا پر بدھا کے غاروں سے منسوب من گھڑت اطلاعات کو رد کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ شاہ اللہ دتہ میں واقع مقدس غار ہر مذہب کیلئے باعث احترام ہیں، ماضی میں یہاں ہر مذہب کے نیک بندوں نے مخلوقِ خدا کی خدمت کی ہے، یہ کسی صورت آسیب زدہ نہیں ہوسکتے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ شاہ اللہ دتہ کا قدیم قصبہ ایک مرتبہ پھر مذہبی ہم آہنگی کی علامت بن کر اُبھرے۔

متعلقہ خبریں