اہم خبریں

برطانوی آرمی چیف 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (اے بی این نیوز   )برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر پیٹرک سینڈرز پیر کو پانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے بعد پیدا ہونے والے بحرانوں پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پرگفتگو کریں گے۔اسلام آباد میں برطانیہ کے ہائی کمیشن نے ایک غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ برطانوی آرمی چیف کا یہ دورہ، پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کے معاہدے کا حصہ ہے۔برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ’ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ فوجی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اپنے دورے کے دوران جنرل سینڈرز اپنی دیگر مصروفیات کے علاوہ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔برطانیہ کے ہائی کمیشن نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات میں پاکستان کے فوجی آفسران کو برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی، ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں تربیت فراہم کرنا شامل ہے۔برطانوی ہائی کمیشن نے بتایا کہ جنرل سر پیٹرک سینڈرز کے دورہ، پاکستان کا اصل مقصد موسمیاتی تبدیلی سے آنے والے بحرانوں پر قابو پانے کے لیے دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں