اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اداروں کو اپنی حد میں رہ کام کرنا چاہئے اور ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ عمران خان کی انتشار اور افراتفری کی سیاست کا مقصد وفاق اور وفاقی اکائیوں کو کمزور کرنا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دھونس اور دھاندلی کی سیاست کا مقصد ملک میں انار کی پھیلانا ہے مگر ہم عمران خان کی یہ سیاست کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اَئین کی منشا ہمیشہ انصاف پر مبنی ہوتی ہے اور ہمیں اس منشا کوسمجھنے کی ضرورت ہے۔ عام انتخابات کے وقت اگر پنجاب اور اور خیبر پختون خواہ میں نگران حکومتیں نہیں ہونگی اور پانچ سال بعد پھر دو صوبوں میں سیاسی حکومتیں انتخابات کرائیں گی تو یہ عمل کبھی بھی منصفانہ نہیں کہلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن میں جاتا ہے اور پھر استعفے دے دیتا ہے پھر الیکشن میں جاتا ہے اور پھر اپنے ایم این ایز سے استعفی دلوا دیتا ہے مگر عمران خان کا یہ سیاسی کھیل قوم کو اربوں رو پے میں پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاست کھیل تماشا بن چکی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نت نئے بیانیوں کی بات تو کرتے ہیں مگر قوم کو اپنے دور اقتدار کی کارکردگی نہیں بتاتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں بھاری سود پر ریکارڈ قرضے لینے اور پسندیدہ لوگوں میں بلا سود قرضے بانٹنے والے کو اس پر بھی بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے عوامل سے لگتا ہے کہ دنیا ہمیں ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی مگر ہمیں اپنے زور بازو پر انحصار کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔خورشید شاہ نے کہا کہ مسائل کا حل ہمیشہ بات چیت سے نکلتا ہے اور بات چیت کیلئے حکومت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی انا کو ایک طرف رکھ کے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہئے۔















