اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان میں وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ الحمدللہ! قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے بے گناہوں کا خون بہانے کا بڑا اور مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے اور آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کرکے دم لیں گے۔وزیراعظم نے شہید عدیل حسین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

متعلقہ خبریں