اسلام آباد: وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق اہم اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اس ریلیف پروگرام سے اب تک ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 52 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں فیول سبسڈی کے لیے 10 کروڑ سے زائد ٹوکن جاری کیے گئے، جن کے ذریعے 9 کروڑ سے زیادہ مرتبہ شہریوں نے رعایتی پیٹرول حاصل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے عوام کو مہنگے پیٹرول سے ریلیف دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف سرکاری محکموں نے مل کر کام کیا تاکہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد تک سبسڈی کا فائدہ پہنچایا جاسکے۔
شزا فاطمہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے حالات میں حکومت نے عوام کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی پروگرام شروع کیا۔
کن گاڑیوں کے مالکان کو کتنا رعایتی پیٹرول مل رہا ہے؟
حکومتی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
اسی طرح 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے۔ اس سہولت کا مقصد مہنگے پیٹرول کے باعث عام شہریوں کے سفری اخراجات میں کمی لانا ہے۔
فیول سبسڈی کے لیے رجسٹریشن کیسے کروائیں؟
رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے خواہش مند شہریوں کو اپنے موبائل فون سے 9771 پر ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رجسٹریشن کے لیے پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، صوبے کے نام کا پہلا لفظ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شہری کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔ پیٹرول پمپ جانے سے پہلے 9771 پر TOK لکھ کر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا، جس کے جواب میں ٹوکن نمبر موصول ہوگا۔
بعد ازاں شہری پیٹرول پمپ پر اپنا ٹوکن نمبر دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کرسکیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ اسکیم لاکھوں خاندانوں کے لیے مالی ریلیف کا ذریعہ بن چکی ہے، جبکہ اس پر خرچ ہونے والی رقم 52 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔















