اہم خبریں

مولانا فصل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ سیل،بیٹا گرفتار

اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد میں سی ڈی اے نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کردی، اس دوران مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسجد محمود کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کےمطابق ہفتےکی صبح سی ڈی اے کی جانب سے گھر سیل کرنے کے حکم کے بعد متعلقہ انتظامیہ اور علاقہ مجسٹریٹ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کرنے کے لیے پہنچے۔

اس دوران پولیس نے رہائشگاہ کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے،جمیعت علماء اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہےکہ ‏مولانا اسجد محمود کو گرفتارکر لیا گیا ہے اور انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے۔

سی ڈی اے نےسیکٹرجی سکس فورمیں مکان نمبر 7،اسٹریٹ 83 کی ملکیت منتقلی منسوخ کرنے کے بعد رہائش گاہ سیل کرنےکا حکم جاری کیا ہے، 1200 مربع گز پر مشتمل جائیداد کی ملکیت منتقلی کا معاملہ متنازع ہے۔

حکم نامے کےمطابق جائیداد امان اللہ ولد محمد یونس کے نام منتقل کی گئی تھی،تاہم ضلعی انتظامیہ اور نادرا سمیت مختلف سرکاری اداروں کی رپورٹس میں امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا، نادرا نے انکا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ کردیا تھا جبکہ خاندانی ریکارڈ میں بھی تضادات سامنے آئے۔

سی ڈی اے کےمطابق جائیدادکی منتقلی کے لیےفراہم کردہ شناختی دستاویز قانونی طور پر مؤثر نہیں تھی،پراپرٹی مینول کے تحت ملکیت کی منتقلی کے لیےدرست پاکستانی شناختی کارڈ لازمی ہےجبکہ غیرملکی شہریوں کے لیے جائیداد خریدنے سے قبل وفاقی یا صوبائی حکومت کی تحریری اجازت ضروری ہے۔

حکم نامے میں فارنرز ایکٹ 1946 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہےکہ متعلقہ جائیداد کے لیے ایسی کوئی اجازت پیش نہیں کی گئی،سی ڈی اے کے اسٹیٹ ونگ نے ملکیت کی منتقلی منسوخ کرکے رہائش گاہ سیل کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے قرضوں کا حصول آسان بنانے کی ہدایت

متعلقہ خبریں