اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے 3 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کردی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 28 نومبر سے 30 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 313 روپے سے کم ہو کر 312 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 3 دن 28 نومبر سے 30 نومبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں جاری کردی















