کراچی( اے بی این نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ صحافی اور اداکار بابر عباس خان المعروف بابر ٹونی انتقال کر گئے۔
بابر ٹونی کے انتقال کی خبر اداکار یاسر حسین نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی۔ یاسر حسین نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بابر ٹونی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس سے بری صبح کیا ہوگی جب آپ کو پتا چلے کہ آپ کے دوست اس دنیا سے چلے گئے۔
یاسر حسین نے بابر ٹونی کے انتقال کی وجہ یا دیگر تفصیلات کے حوالے سے مزید معلومات شیئر نہیں کیں۔

بابر ٹونی نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا باقاعدہ آغاز 1988 سے 1991 تک بطور فری لانسر کیا۔ فری لانسنگ چھوڑنے کے بعد وہ 1991 میں ایک نجی اشتہاری ادارے سے بطور ایسوسی ایٹ کری ایٹو ڈائریکٹر وابستہ ہوگئے۔
بعد ازاں بابر ٹونی نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ایک ایرانی ہدایت کار کی مختصر فلم میں بھی اداکاری کی۔
بابر ٹونی نے 13 اقساط پر مشتمل ڈرامہ سیریل ’ایک دفعہ کا ذکر ہے‘ بھی تحریر کیا، جو پاکستان ٹیلی وژن سے نشر کیا گیا تھا۔
بابر ٹونی کے انتقال پر شوبز سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ، فی تولہ نئی قیمت سامنے آگئی















