نیشنل سیونگز سرٹیفکیٹس رکھنے والے افراد کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت 30 نومبر 2026 تک ضروری کارروائی مکمل کرنا ہوگی، بصورت دیگر یکم دسمبر سے غیر منسلک کوپن بکس اور رقم نکلوانے کی پرچیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔
اسٹیٹ نیشنل سیونگز کے تحت اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس (SSC)، پنشن بینیفٹ اکاؤنٹس (PBA) اور اسپیشل سیونگز اکاؤنٹس (SSA) کے نظام میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ نئے طریقہ کار کے مطابق یکم دسمبر 2026 سے منافع اور اصل رقم کی ادائیگی براہ راست صارفین کے منسلک بینک یا سیونگز اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
اس تبدیلی کے بعد منافع وصول کرنے کے لیے الگ کوپن بکس اور رقم نکلوانے کے لیے مخصوص پرچیوں کی ضرورت ختم ہوجائے گی، جس سے ادائیگیوں کا عمل مزید آسان اور منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
تمام جاری شدہ اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کی منافع کوپن بکس کو متعلقہ اکاؤنٹس کے ساتھ ایس سی ون طریقہ کار کے مطابق منسلک کرنا ہوگا۔ اسی طرح پنشن بینیفٹ اکاؤنٹس اور اسپیشل سیونگز اکاؤنٹس کی رقم نکلوانے والی پرچیوں کو ڈی اے ون کے تحت متعلقہ اکاؤنٹس سے منسلک کرنا ضروری ہوگا۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 نومبر 2026 تک اپنی تمام زیر التوا ٹیگنگ مکمل کرلیں۔ یکم دسمبر سے غیر ٹیگ شدہ کوپن بکس اور رقم نکلوانے کی پرچیاں قابل قبول نہیں ہوں گی۔
البتہ پہلے سے موجود کوپن بکس اور پرچیاں اگر درست طریقے سے منسلک ہیں تو ضرورت کے مطابق استعمال کی جاسکتی ہیں۔ نئے سرٹیفکیٹس اور نئے کھولے جانے والے اکاؤنٹس کے لیے الگ سے ٹیگنگ کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ خودکار نظام کے تحت چلیں گے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت متعلقہ کارروائی مکمل کرلیں تاکہ مستقبل میں منافع وصول کرنے یا اپنی رقم نکلوانے کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔















