لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لیے آن لائن روٹ پرمٹ سسٹم متعارف کرا دیا، جس کے تحت ٹرانسپورٹ آپریٹرز اب دفاتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے روٹ پرمٹ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے یہ سہولت صوبائی حکومت کے ٹرانسپورٹ ویژن 2030 کے تحت شروع کی ہے۔ نئے نظام کے ذریعے درخواست دہندگان آن لائن اکاؤنٹ بنا کر اپنی ذاتی اور گاڑی سے متعلق معلومات درج کر سکتے ہیں اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرکے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد کاغذی کارروائی میں کمی، درخواستوں کے عمل کو آسان بنانے اور روٹ پرمٹ کے اجرا میں شفافیت کو بہتر بنانا ہے۔
روٹ پرمٹ کے لیے آن لائن درخواست کیسے دیں؟
ٹرانسپورٹرز پنجاب حکومت کے سرکاری آن لائن روٹ پرمٹ پورٹل پر جا کر اپنا اکاؤنٹ رجسٹر کر سکتے ہیں۔ پہلے سے رجسٹرڈ صارفین اپنی موجودہ اسناد کے ذریعے لاگ اِن کر سکیں گے۔
درخواست گزاروں کو ذاتی کوائف، گاڑی کی تفصیلات اور مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ پورٹل کے ذریعے آن لائن فیس کی ادائیگی اور درخواست کی پیش رفت بھی چیک کی جا سکے گی۔
روٹ پرمٹ کے لیے ضروری دستاویزات
آن لائن درخواست کے لیے عام طور پر درج ذیل دستاویزات درکار ہوں گی:
شناختی کارڈ (CNIC)
گاڑی کی رجسٹریشن دستاویزات
ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کا ثبوت
گاڑی کا درست فٹنس سرٹیفکیٹ
تھرڈ پارٹی رسک انشورنس
مطلوبہ حلف نامہ
انٹرسٹی اسٹیج کیریج کے لیے درخواست دینے والوں سے، جہاں ضروری ہو، مسافر کی گارنٹی بھی طلب کی جا سکتی ہے۔
آن لائن فیس ادائیگی اور ڈیجیٹل پرمٹ
نئے نظام میں فیس کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل چالان اور پیمنٹ سلپ شناختی نمبر (PSID) جاری کیے جائیں گے، جبکہ منظور شدہ درخواستوں کے تحت QR کوڈ پر مشتمل ڈیجیٹل اجازت نامے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکیں گے۔
QR کوڈ کے ذریعے جاری کردہ روٹ پرمٹ کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔ تاہم فیس اور دستاویزات کی شرائط گاڑی کے زمرے اور پرمٹ کی قسم کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے درخواست دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے پہلے متعلقہ فیس اور دستاویزات کی تفصیلات سرکاری پورٹل سے ضرور چیک کریں۔
مزیدپڑھیں: بینظیر انکم اسپورٹ سے رقم وصول کرنا آسان ،نیا نظام متعارف















