اہم خبریں

پاکستان کا دفاعی میدان میں بڑا قدم، فتح 3 میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا دفاعی میدان میں بڑا قدم، فتح 3 میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) پاک فوج نے فتح 3 سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 سپر سونک رفتار سے طویل فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل جدید رہنمائی اور انجن کے نظام سے لیس ہے اور انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی مزید مضبوط ہوگی۔


میزائل کا کامیاب تجربہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور انجینئرز نے دیکھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے فتح 3 کے کامیاب تجربے پر پاک فوج کو مبارکباد دی۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے بھی کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگ میل حاصل کرنے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کیا اور میزائل کی تیاری و کامیاب تجربے میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی محنت اور لگن کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 3 کا کامیاب تجربہ پاکستان کی قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور مؤثر دفاعی حکمت عملی کو مزید تقویت دینے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
مزید پڑھیں‌:ایل پی جی کا بڑا کارگو پاکستان پہنچ گیا، قیمتوں میں کمی کی امید

متعلقہ خبریں