کراچی (اے بی این نیوز) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے موبائل ایپس کے ذریعے دیے جانے والے قرضوں پر سالانہ شرح سود کی زیادہ سے زیادہ حد 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد مقرر کر دی ہے، جبکہ قرض لینے کی زیادہ سے زیادہ حد 50 ہزار روپے اور واپسی کی مدت 90 دن مقرر کی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری نئے سرکلر کے مطابق ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اب سالانہ 90 فیصد سے زیادہ شرح سود یا منافع وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کے تحت قرضوں کی لاگت میں تقریباً 67 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کا مقصد صارفین کو بھاری مالی بوجھ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔نئے ضوابط کے مطابق قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں مقررہ لاگت کے علاوہ اضافی فیس یا چارجز وصول نہیں کر سکیں گی۔
تمام پروسیسنگ فیس، سروس چارجز اور دیگر اخراجات کو قرض کی مجموعی لاگت میں شامل کرنا لازمی ہوگا تاکہ صارفین کو غیر متوقع مالی مطالبات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایس ای سی پی کے مطابق 10 ہزار روپے کے قرض پر 90 فیصد سالانہ شرح کے حساب سے یومیہ لاگت تقریباً 24 روپے 66 پیسے ہوگی۔نئے قوانین میں قرض کی قبل از وقت ادائیگی کرنے والے صارفین کو بھی ریلیف دیا گیا ہے۔
مقررہ تاریخ سے پہلے قرض واپس کرنے کی صورت میں صارفین سے صرف اتنے دنوں کے چارجز وصول کیے جائیں گے جتنے دن قرض کی رقم ان کے استعمال میں رہی۔ قرض کی واپسی کے بعد باقی مدت کے منافع کا مطالبہ نہیں کیا جا سکے گا۔مزید برآں، مقررہ تاریخ پر قرض واپس نہ کرنے والے صارفین کو تین دن کی جرمانے سے پاک رعایتی مدت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اس دوران ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں تاخیر سے ادائیگی کا جرمانہ عائد نہیں کر سکیں گی۔ایس ای سی پی ڈیجیٹل قرضہ جات کے شعبے کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے مرکزی ڈیجیٹل ریپوزٹری بھی تیار کر رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے قرض فراہم کرنے والے ادارے معلوم کر سکیں گے کہ آیا کسی درخواست گزار نے پہلے ہی کسی دوسرے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے قرض حاصل کر رکھا ہے۔ریگولیٹر کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صارفین کو غیر ضروری قرضوں، اضافی مالی اخراجات اور قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے محفوظ رکھنا ہے۔
مزید پڑھیں: نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بائیومیٹرک سہولت فراہم کردی















