اہم خبریں

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،16 خوارج ہلاک،2 جوان شہید

پشاور(اے بی این نیوز)سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں 16 خوارج ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گزشتہ 12 گھنٹوں میں 16 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں 12 خوارج مارے گئے، ان ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل تھے جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں بھی 2،2 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوانوں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب نے جامِ شہادت نوش کیا۔

43 سالہ حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا، دونوں شہید جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، یہ ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں موجود باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدپڑھیں: پنجاب کے ہر گائوں کی ترقی کیلئے 5 کروڑ روپے دینے کی منظوری

متعلقہ خبریں