اہم خبریں

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 451 تک پہنچ گیا

لاہور (اے بی این نیوز) لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت برقرار ہے، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 451 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 230 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی فضائی معیار کا جائزہ لینے والے ادارے کی جاری کردہ درجہ بندی میں لاہور نے آلودگی کے اعتبار سے دیگر شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال مسلسل تشویش ناک ہوتی جارہی ہے، جبکہ اسموگ کے باعث شہریوں کو صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 11 نومبر کو رات ایک بجے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 501 تک پہنچ گیا تھا، جو فضائی آلودگی کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ بعد ازاں بھی آلودگی کی شرح انتہائی بلند رہی اور اے کیو آئی 451 ریکارڈ کیا گیا۔طبی ماہرین نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پابندیوں کے باوجود دیوالی کی رات بڑے پیمانے پر آتش بازی کی گئی، جس کے باعث مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا۔

بھارتی پنجاب کے شہر منڈی گوبند گڑھ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 445 تک پہنچ گیا تھا، جبکہ امرتسر، لدھیانہ، جالندھر اور نئی دہلی میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک رہی۔

ماہرین کے مطابق آتش بازی سے پیدا ہونے والا دھواں، فصلوں کی باقیات جلانے اور ہوا کی رفتار کم ہونے جیسے عوامل خطے میں اسموگ کی شدت بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔
مزیدپڑھیں: سندھ ،خیرپور میں گیس اور کنڈینسیٹ کے بڑے ذخائر دریافت

متعلقہ خبریں