اہم خبریں

QR کوڈ ادائیگی کی سہولت متعارف، بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کروا دی گئی ہے، جس کے ذریعے اب بجلی کے بل اور ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کا نظام باضابطہ طور پر شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئیسکو نے صارفین کو جدید ڈیجیٹل سہولت فراہم کرتے ہوئے بجلی کے بلوں اور مختلف اقسام کے ڈیمانڈ نوٹسز پر کیو آر کوڈ کے ذریعے رقم جمع کرانے کی سہولت متعارف کروائی ہے۔ اس نظام کے تحت صارفین اپنے موبائل فون سے چند لمحوں میں ادائیگی مکمل کرسکتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو انجینئر خالد محمود کے مطابق اس سہولت کا مقصد بلوں کی ادائیگی کے عمل کو تیز، آسان اور شفاف بنانا ہے۔ اس کے علاوہ ادائیگی کی رقم کی درست وصولی اور لین دین میں اعتماد کو یقینی بنانا بھی اس اقدام کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔

کیو آر کوڈ سے بجلی کا بل کیسے ادا کریں؟
صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے موبائل فون میں آن لائن بینکنگ ایپ یا موبائل والٹ کھولیں۔ اس کے بعد اپنے اصل بجلی کے بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کریں۔

کوڈ اسکین کرنے کے بعد موبائل اسکرین پر ادائیگی کی تفصیلات اور قابلِ ادا رقم ظاہر ہوگی۔ صارفین رقم اور دیگر معلومات کی تصدیق کرنے کے بعد کنفرم کا بٹن دباکر اپنی ٹرانزیکشن مکمل کرسکتے ہیں۔

آئیسکو حکام کے مطابق یہ سہولت ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے دستیاب رہے گی، جس سے صارفین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت ادائیگی کرسکیں گے۔
سی ای او آئیسکو انجینئر خالد محمود نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ آن لائن فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے صرف اصل آئیسکو بجلی بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر چھپے ہوئے کیو آر کوڈ کو اسکین کریں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ادائیگی کی تصدیق سے پہلے رقم اور اکاؤنٹ کی تفصیلات اچھی طرح چیک کرلیں تاکہ کسی غلط ٹرانزیکشن یا مالی نقصان سے بچا جاسکے۔

متعلقہ خبریں