لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور سمیت مختلف شہروں میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت برقرار ہے، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا، جہاں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ملتان، بہاولپور اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہر بھی فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔
جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں زہریلی فضا نے شہریوں کا سانس لینا دشوار کر دیا، ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 500 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جس کے باعث شہر کی فضا انتہائی مضرِ صحت قرار دی گئی، ملتان کی فضا میں زہریلے آلودہ ذرات کی بھرمار کے باعث شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے، مظفرگڑھ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 487، رحیم یار خان کا 405، کوٹ ادو کا 403 جبکہ بہاولپور کا اے کیو آئی 354 ریکارڈ کیا گیا۔ فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو سانس، آنکھوں اور گلے کی تکالیف کا سامنا ہے، جبکہ اسموگ کے باعث نزلہ، زکام اور وبائی امراض پھیلنے لگے ہیں، بچے اور بزرگ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
اسموگ کے باعث معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہیں اور فضا میں حدِ نگاہ مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔ فضائی آلودگی کا خطرناک جزو پی ایم 2.5 انسانی صحت کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے، انتہائی باریک ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں کی گہرائی تک پہنچ جاتے ہیں اور خون میں شامل ہو کر دل اور دورانِ خون کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، اسموگ کے باعث آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں اسموگ سے بچاؤ کی مؤثر حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی جبکہ زہریلی فضا کے اثرات سے شہری پریشان ہیں اور اسموگ کی شدت میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں،بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سموگ کے باعث آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا
مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (منگل) کا دن کیسا رہے گا؟















