اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں گیس کی قیمت 700 روپے فی کلو، عوام پریشان

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خیبرپختونخوا میں ایل پی جی کی قیمت میں اضافے نے گھریلو صارفین کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ صوبے میں ایل پی جی فی کلو 600 سے 700 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے کھانا پکانے اور روزمرہ ضروریات پوری کرنا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ایل پی جی ایسوسی ایشن نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر رحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کے لیے رائج پرانا ٹھیکہ داری نظام ختم کیا جائے تاکہ قیمتوں میں اضافے کو روکا جاسکے اور صارفین کو ریلیف مل سکے۔

صدر رحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام کے باعث عوام کو مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور ایسا طریقہ کار متعارف کروائے جس سے ایل پی جی عام شہریوں کو مناسب قیمت پر دستیاب ہوسکے۔

انہوں نے وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخوا سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیں اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ ایل پی جی ان علاقوں میں گھریلو استعمال کا اہم ذریعہ ہے جہاں پائپ لائن کے ذریعے قدرتی گیس دستیاب نہیں۔ ایسے میں فی کلو قیمت 600 سے 700 روپے تک پہنچنے سے خصوصاً کم آمدنی والے گھرانوں کا ماہانہ بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں