اہم خبریں

اسلام آباد میں پیٹرول پمپوں کا فراڈ بے نقاب، 6 پمپس سیل

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی دارالحکومت میں پیٹرول اور ڈیزل کی کم پیمائش کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے، ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 6 پیٹرول پمپس سیل جبکہ 40 سے زائد فیول ڈسپنسنگ نوزلز بند کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیٹرول پمپس کے معائنے کے دوران ایندھن کی پیمائش میں مبینہ ہیرا پھیری سامنے آئی۔ حکام کے مطابق بعض پیٹرول پمپس پر جدید الیکٹرانک آلات کے ذریعے ڈسپنسنگ سسٹم میں ردوبدل کیا جا رہا تھا، جس کے باعث صارفین کو رقم پوری وصول کرنے کے باوجود مقررہ مقدار سے کم پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جا رہا تھا۔

معائنے کے دوران دو پیٹرول پمپس پر الیکٹرانک آلات کے ذریعے پیمائش میں مبینہ ردوبدل کی نشاندہی ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ مبینہ طور پر ملوث عملے کے بعض ارکان کو گرفتار بھی کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مجموعی طور پر 6 پیٹرول پمپس کے خلاف ایکشن لیا گیا اور 40 سے زائد فیول ڈسپنسنگ نوزلز سیل کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر بھر کے تمام پیٹرول پمپس کی جامع انسپکشن کا حکم دے دیا ہے۔ معائنہ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسپنسنگ مشینوں کی جانچ پڑتال کے ساتھ صارفین کو فراہم کیے جانے والے پیٹرول اور ڈیزل کی درست مقدار یقینی بنائی جائے۔

ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کم پیمائش، الیکٹرانک آلات کے ذریعے ہیرا پھیری یا صارفین کو دھوکہ دینے میں ملوث پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزیدپڑھیں: سکھر میں 10 سالہ بچی سے زیادتی ،8 افراد کیخلاف مقدمہ درج ،5گرفتار

متعلقہ خبریں