اہم خبریں

پاکستانیوں کے لیے ویزا فری انٹری، 25 ممالک سے اہم پیشرفت متوقع

پاکستانی شہریوں کے لیے بیرون ملک سفر کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران 25 ممالک کے ساتھ ویزا فری انٹری اور سفری سہولیات سے متعلق معاملات حل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

وزیر داخلہ کے مطابق گرین پاسپورٹ کی بین الاقوامی رینکنگ بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں اور آئندہ چھ ماہ میں اس حوالے سے مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔
اجلاس کے دوران محسن نقوی نے بلیو پاسپورٹس کے اجرا اور ان کی تعداد سے متعلق بھی تفصیلات پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں بلیو پاسپورٹس کی مجموعی تعداد تقریباً 70 ہزار ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق بعض غیر ملکی ممالک نے بلیو پاسپورٹس کی تعداد 25 سے 30 ہزار سے زیادہ ہونے پر ویزا فری انٹری کے معاہدوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسی معاملے کے پیش نظر اب تک 22 ہزار بلیو پاسپورٹس منسوخ کیے جاچکے ہیں، جبکہ نئے اجرا پر فی الحال پابندی عائد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلیو پاسپورٹس سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔ موجودہ ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو ان کی آئینی مدت کے مطابق ہی بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔

محسن نقوی کے مطابق کینیا، سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے ساتھ بلیو پاسپورٹ سے متعلق معاہدے حتمی مراحل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزا فری انٹری کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جبکہ قطر کے ساتھ بھی جلد معاہدہ طے پانے کی توقع ہے۔

تاہم 25 ممالک کے حوالے سے حتمی فہرست اور عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے سہولتوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ اس لیے یہ واضح ہونا ابھی باقی ہے کہ مجوزہ معاہدوں سے عام شہریوں کو کس نوعیت کی سفری سہولت حاصل ہوگی۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ جعل سازی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ نظام کی طرف منتقل کیا جارہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے اجرا اور تصدیق کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں