اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے، اس لیے اس پر پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے ہی آگے بڑھایا جانا چاہیے اور اس پر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان سیر حاصل بحث ہونی چاہیے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی نئی آئینی ترمیم آئے گی وہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد 28ویں ہی ہوگی۔ یہ طے کیا جانا چاہیے کہ نئی ترمیم میں کیا ہوگا، آیا اس میں صوبوں پر بات ہوگی یا کوئی اور ایشوز زیرِ بحث آئیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہت سے ایشوز پر صوبوں اور وفاق کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے، لیکن صوبوں کے معاملے پر کوئی بارگیننگ نہیں کی جا سکتی کیونکہ عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھنا لازم ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی بارگیننگ ملک کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا جائے اور دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج کا ساتھ دیا جائے۔
مزید پڑھیں۔تین ملکی سیریز : پاکستان کا آج سری لنکا سے میچ















