اہم خبریں

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی سامنے آگئی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ روز کی نسبت درجہ حرارت بڑھ کر 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان کم ہے۔

مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز کے مقابلے میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں 24 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی سطح 221 تک پہنچ گئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں جی ٹی روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 385، برکی روڈ پر 278، ایجرٹن روڈ پر 255، کاہنہ نو میں 237، پنجاب یونیورسٹی میں 226 اور ملتان روڈ پر 208 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 جبکہ کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 83 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر آلودہ فضا میں زیادہ دیر رہنے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں‌:ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی آن لائن سہولت متعارف، شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

متعلقہ خبریں