راولپنڈی ( اے بی این نیوز) تین ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سلمان علی آغا نے شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بولنگ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور صائم ایوب 7 جبکہ فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا۔ بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سعد بیگ نے 39 رنز اسکور کیے۔ پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ حسن نواز 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ عرفات منہاس نے 18 رنز بنائے اور سلمان کے ساتھ 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم آخری اوورز میں پاکستانی بیٹرز زیادہ رنز نہ بنا سکے اور پوری ٹیم 305 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے چار، اسیتھا فرنینڈو نے تین اور دلشان مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز محتاط رہا۔ اوشکا فرنینڈو 5 اور کپتان کوشل مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کمنڈو مینڈس نے 44 رنز اسکور کیے، تاہم 91 رنز تک سری لنکا کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس موقع پر پوون رتنانائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے کی کوشش کی، جبکہ داسن شناکا نے 28 رنز بنائے۔ تاہم پاکستانی بولرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی پیش قدمی روک دی اور پوری ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں:سعودی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آگئیں















